بنگلورو۔22؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) حالیہ چند دنوں سے شہر میں غنڈہ سرگرمیوں میں اضافہ سے شہریان کے خوف میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر میں پولیس کے ذریعہ غنڈوں پر چھاپوں کے علاوہ پریڈ کا بھی اہتمام کیاجاتاہے ،اس کے باوجود غنڈہ سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔ پولیس اور عوام کا یہ تصور تھاکہ بڑے بڑے غنڈہ تبدیل ہوگئے ہیں اور تجارت کے علاوہ دیگر کاروبار میں مصروف ہیں۔مگر صف دوم کے غنڈوں کی سرگرمیاں مزید شدت اختیار کرتی جارہی ہیں اور دوبارہ شہر میں غنڈہ راج قائم کرنے کی جستجو کررہی ہیں۔ پرانی دشمنی کے علاوہ دیگر امور پر قتل کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔ اور ایک طرح سے گینگ وار کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جس سے شہریان بنگلور خوفزدہ نظر آرہے ہیں۔ 16 جون کو شام ساڑھے چھ بجے وجئے نگر کے کافی ڈے پر دھاوا بولتے ہوئے ایک نوجوان کا سفاکانہ قتل کردیاگیا تو کل شیواجی نگر کے مضبوط ترین حضرت کمبلپوش مسجد کے روبرو غنڈوں میں جھڑپ کے دوران ایک غنڈہ کا قتل کردیا گیا۔ ملزمین کی گرفتاری کی پہل کرنے والی پولیس پر بھی حملہ کیاگیا ہے۔ پولیس نے اپنے تحفظ کیلئے فائرنگ کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ شیواجی نگر جسے ایک دور میں غنڈوں کا علاقہ قرار دیاجاتا تھا، دوبارہ غنڈہ سرگرمیاں شروع ہونے کے آثار نظر آرہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں دن دھاڑے مصروف ترین علاقوں میں قتل کے علاوہ مختلف مجرمانہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ غنڈہ سرگرمیوں میں اضافہ کے پیش نظر خوفزدہ عوام کے اعتماد کو بحال کرنا پولیس کا اولین فریضہ ہے۔ انہیں چاہئے کہ ابتداء ہی میں غنڈہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کوشش کی جائے۔